ہفتہ, مارچ 7, 2026
اشتہار

کوہ پیما اسد علی میمن کراچی ٹریفک پولیس کے ایمبسیڈر مقرر

اشتہار

حیرت انگیز

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے سندھ کے پہلے کوہ پیما اسد علی میمن کو ٹریفک پولیس کا ایمبسیڈر مقرر کردیا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کراچی مظہر نواز شیخ نے کہا کہ اسد علی میمن نے دنیا کی بلند و بالا چوٹیوں کو سر کرکے ناصرف سندھ بلکہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیاں نوجوان نسل کے لیے عزم، حوصلے اور محنت کی روشن مثال ہیں۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ بطور ایمبسیڈر اسد علی میمن کراچی ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہر بھر میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی مہم میں فعال کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں میں روڈ سیفٹی، ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کے شعور کو فروغ دینا ہے تاکہ کراچی کو ایک محفوظ اور منظم ٹریفک سسٹم کی طرف گامزن کیا جاسکے۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول سوسائٹی، نوجوانوں اور نمایاں شخصیات کے تعاون سے ٹریفک آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسد علی میمن پاکستان کے ایک مایہ ناز کوہ پیما ہیں۔ انہوں نے 21 مئی 2023 کو دنیا کی بلند ترین چوٹی، ماؤنٹ ایورسٹ (8,848 میٹر) کو کامیابی سے سر کیا، جس کے بعد وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے صوبہ سندھ کے پہلے اور پاکستان کے چند کم عمر ترین کوہ پیماؤں میں شامل ہو گئے۔

اسد میمن کی سب سے بڑی عالمی کامیابی "سیون سمٹس” (Seven Summits) چیلنج کی تکمیل ہے، جس کا مطلب دنیا کے تمام سات براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنا ہے۔ اکتوبر 2025 میں اوقیانوس (Oceania) کی بلند ترین چوٹی پونکاک جایا سر کرنے کے بعد وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے سندھ کے پہلے کوہ پیما بن گئے۔

اس کے علاوہ انہوں نے 2021 میں افریقہ کی بلند ترین چوٹی، ماؤنٹ کلمنجارو کو صرف 20 گھنٹوں کے ریکارڈ وقت میں سر کر کے ایشیا کے پہلے کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں