کراچی: ایم کیو ایم اور وزیر داخلہ رانا ثنا ملاقات کا ثمر سامنے آ گیا، 2 لا پتا کارکنان بازیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی ملاقات کا بڑا بریک تھرو سامنے آیا ہے، ایم کیو ایم کے دو لا پتا کارکنان بازیاب ہو گئے۔
بازیاب ہونے والے کارکنان کا تعلق قصبہ علی گڑھ سے ہے، جو کئی سال سے لا پتا تھے، کارکنان کی شناخت ریاست اور طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کارکنان کی بازیابی کی تصدیق کر دی، یہ دونوں کارکنان 2015 سے لا پتا تھے۔
ادھر وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ایم کیو ایم، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، اور سندھ حکومت میں مذاکرات ختم ہو گئے ہیں، مذاکرات میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور صوبائی وزرا شریک ہوئے۔ اس سے قبل وزیر داخلہ نے لاپتا کارکنان کے لواحقین سے ملاقات کی تھی۔
ایک ایم کیو ایم رہنما نے ملاقات کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے تمام خدشات سے آگاہ کیا، لا پتا افراد کی فہرست بھی سامنے رکھی گئی۔
انھوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایم کیو ایم نے معاہدے پر عمل درآمد کا معاملہ اٹھایا، اور بلدیاتی انتخابات، اور شہر میں اسٹریٹ کرائم پر بھی وزیر اعلیٰ سے بات کی۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں وزیر داخلہ رانا ثنا نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کو خدشات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی ہے۔