کراچی: متحدہ قومی مؤومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان نے 4 اکتوبر کو حیدرآباد میں سیاسی پاور شو دکھانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی نے 13 سالوں میں کراچی سمیت پورے سندھ کو کھنڈر بنا کر تباہ کر دیا، کراچی کی ریلی میں عوام نے ثابت کیا کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں، چار اکتوبر کو حیدرآباد مارچ کا آغاز کررہے ہیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم آئینی حدود میں رہتے ہوئے صوبے کا مطالبہ کررہے ہیں، سندھ میں نیا صوبہ بننا چاہیے تاکہ شہری علاقوں کے مسائل حل ہوں‘۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جعلی ڈومیسائل پر شہری علاقوں میں پیپلزپارٹی نے اپنےلوگوں کو نوکریاں فراہم کیں، فنڈز نہ دے کربلدیاتی نظام ناکام کرنے کی کوشش کی گئی، صوبائی حکومت نے سندھ کے تعلیمی نظام کو بھی تباہ کردیا‘۔
ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنونیئر نے الزام عائد کیا کہ ‘پیپلزپارٹی نے جعلی مردم شماری کے ذریعے کراچی میں اپنی اکثریت قائم کی، شہری اور دیہی علاقوں کے نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی‘۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی کا ایم کیوایم کی ریلی کے جواب میں ریلی نکالنے کا اعلان
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’جمہوریت کی دعوے دار حکومتوں نے بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے، پیپلزپارٹی کو ہمیشہ سندھ کے شہری علاقوں نے مسترد کیا کیونکہ پی پی نے جمہوریت کی آڑ میں ڈکٹیٹر شپ قائم کر رکھی ہے، سندھ اور ملک کا بیڑہ غرق کرنے والی جماعت پیپلزپارٹی ہی ہے‘۔
خواجہ اظہار الحسن کا پی پی رہنماؤں کے بیانات پر ردعمل
دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’کراچی مارچ کی کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی کے اوسان خطا ہوگئے اور نیندیں اڑ گئی ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’پیپلزپارٹی کی کراچی ریلی چوری اوپر سے سینہ زوری کے مترادف ہے، اندرون سندھ سے جعلی اکثریت کے بل بوتے شہری سندھ میں ریلی نکالی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کراچی میں ریلی شوق پوراکرے کیونکہ یہاں کے لوگ جانتے ہیں اس حکومت نے بارہ سال میں شہر کو تباہ کردیا۔‘
خواجہ اظہار نے الزام عائد کیا کہ ’پیپلزپارٹی اندرون سندھ کے جاگیرداروں و ڈیروں کی غنڈہ گردی کے ذریعے منتخب ہوکر شہری سندھ پر حکومت کررہی ہے، کراچی کے لوگ پیپلزپارٹی کی ریلی کومستردکردیں گے، یہ ریلی صرف سرکاری ملازمین اور اندرونِ سندھ کے کارکنان کی ریلی ثابت ہوگی‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ایم کیوایم پاکستان کی کامیاب ریلی سے ثابت ہوچکا کہ شہری سندھ نے پیپلزپارٹی کی لسانی سیاست کومسترد کردیا،یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعظم پاکستان بھی سمجھتے ہیں کہ اندرون سندھ سے لوگ شہری سندھ پر مسلط ہورہے ہیں، پیپلزپارٹی کا منشور صرف شہری سندھ اور دیہی سندھ کے عوام میں نفرت ڈالنا ہے، ماضی کی طرح مستقبل میں بھی شہری سندھ ہر بار پیپلزپارٹی کی سیاست کو مسترد کرتا رہے گا‘۔