کراچی : ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کو عدالت لے گئی، متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان نے فاروق ستار پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان نے ڈاکٹر فاروق ستار پر ہرجانے کا دعویٰ کرتے ہوئےمؤقف اختیار کیا ہے کہ فاروق ستار نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا دعوے میں مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں پارٹی کی ناکامی کا باعث ڈاکٹر فاروق ستار تھے، پارٹی نے انہیں بارہا بچاتی آئی ہے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان اختیار کا تنازعہ گذشتہ کئی ماہ سے چلا آرہا ہے۔
واضح رہے رواں برس نومبر میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا تھا، سابق سربراہ کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ بہادر آباد مرکز میں ہنگامی اجلاس بلا کر کیا گیا تھا۔
ایم کیوایم میں چند لوگوں کی آمریت ہے، وہ اپنے گوشوارے ظاہر کریں ،فاروق ستار
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میں چند لوگوں کی آمریت ہے،وہ اپنے گوشوارے ظاہر کریں،انسداد کرپشن کے نعرے پر وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑا ہوں، پیپلزپارٹی، ن لیگ ، ایم کیوایم سمیت جس نے بھی لوٹ مار کی احتساب ہونا چاہیے۔
فاروق ستار کے جواب میں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہارالحسن نے کہا تھا کہ ہمارے گوشواروں کی بات کرنے والےاپنے گوشوارے آن لائن کرائیں، میں نے حساب دینا شروع کیا تو بہت مشکل ہو جائے گی، ایم کیو ایم نہ میں نے نہ فاروق ستار نے بلکہ کارکنان نےبچائی ہے۔
میرے پاس فاروق ستار کے کرپشن کے ثبوت ہیں، محفوظ یار خان
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار نے دوبار پارٹی کا بیڑہ غرق کیا، تیسری کی تیاری میں تھے، میرے پاس فاروق ستار کے کرپشن کے ثبوت ہیں، ان کے بچے بیرون ملک کیسے تعلیم حاصل کررہےہیں۔
میئر کراچی وسیم اختر کا فاروق ستار کو گھر بیٹھ کر اللہ اللہ کرنے کا مشورہ
ڈاکٹر فاروق ستار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے فاروق ستار کو اللہ اللہ کرنے کا مشورہ دیا تھا اور کہا تھا فاروق ستار نےایم کیوایم کو برباد کرنے کی کوشش کی جبکہ عامر خان کا کہنا تھا کہ فاروق ستار ایم کیوایم کیخلاف سازشوں کاحصہ ہیں، ان کی بات کا جواب دینا ایم کیوایم کا لیول نہیں۔