کراچی: صدر پاکستان عارف علوی اور ایم کیو ایم کے وفد کے درمیان گورنر ہاؤس کراچی میں اہم ملاقات ہوئی ہے.
تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے ایم کیوایم پاکستان کے تحفظات کی تناظر میں ہوئی.
گورنر ہاؤس میں صدرپاکستان عارف علوی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملے، اس موقع گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے.
ملاقات میں صدر نے ایم کیو ایم کو تمام تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلیں گے ، تمام تحفظات دور کیے جائیں گے.
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی کے بجائے چیئرمین شپ کا مطالبہ کیا ہے. خیال رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ایم کیوا یم کو شماریات کی قائمہ کمیٹی کی پیش کش کی گئی تھی، مگر ایم کیو ایم نے اس پیش کش کو قبول کرنے سے انکار دیا.
مزید پڑھیں: کراچی: صدر عارف علوی کا سی پی ایل سی دفتر کا دورہ
ایم کیو ایم پاکستان نے نے داخلہ، انسانی حقوق اور توانائی کی کمیٹیوں کا مطالبہ کیا ہے، صدر پاکستان اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ان کے تحفظات دور کیے جائیں گے.
یاد رہے کہ گذشتہ روز نعیم الحق نے ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں عمران خان کا ساتھ دینے اور عثمان بزدار کے خلاف تمام سازشیں ناکام بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا.