پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے، رحمان ملک

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سابق مشیر برائے وفاقی وزیر داخلہ اور پیپلزپارٹی کے رہنماء رحمان ملک نے کہا ہے کہ جب ہم متحدہ کے ساتھ تھے تو تحریک انصاف نے الزامات لگائے مگر آج وہی لوگ متحدہ کے ساتھ بیٹھے ہیں، ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے اُسے تسلیم کرنا ہوگا، اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر پی ٹی آئی کا متحدہ کے پاس جانا قابل اعتراض ہے کیونکہ تحریک انصاف صرف اپنے مطلب کی خاطر ایم کیو ایم کے پاس گئی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کل تک کہتی تھی کہ 22 اگست کے بعد بھی متحدہ پرانی والی ہے، ماضی میں جب ایم کیو ایم سے ہمارا تحاد ہوا تو پی ٹی آئی نے الزامات لگائے جبکہ ہمارے دور میں متحدہ کے کسی رہنماء نے پاکستان مخالف بات نہیں کی۔

رحمان ملک نے کہا کہ ماضی میں متحدہ کی ناراضی دور کرنے میں میرا کوئی کردار نہیں تاہم بانی ایم کیو ایم سے ملاقات پارٹی قیادت کےحکم پر ہی ہوئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو امریکا کے بجائے پاکستان میں بات کرنی چاہیے تھی کیونکہ یہ ہمارا داخلی معاملہ ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دینے کے باوجود امریکی انتظامیہ ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کرتی ہے، پاکستان نے بہت ڈومور کرلیا اب یہ امریکا کے کرنے کی باری ہے۔

پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے کہا کہ خواجہ آصف کو گھر کی بات گھر میں کرنی چاہیے تھی، ہمارے وزیر خارجہ امریکی حکومت کو ٹھیک سے بریفنگ نہیں دے سکے، حکومت سے اگر خارجی معاملات نہیں سنبھالے جاتے تو منصب چھوڑے دے، موجودہ حالات میں حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو متحدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

این اے 120 کے ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ بھارت کے پاس حافظ سعید کے خلاف ثبوت ہیں تو فراہم کرے تاہم کالعدم دہشت گرد تنظیموں نے نام تبدیل کر کے الیکشن میں حصہ لیا جس کی تحقیقات الیکشن کمیشن کو کرنی ہوگی۔

رحمان ملک نے مزید کہا کہ پاکستان سےداعش کے لیے کام کرنے والے پڑھےلکھےلوگ پکڑےگئے، ہمارے مدارس میں دہشت گردی نہیں سکھائی جاتی تاہم حکومت کو فوری طور پر مدرسہ اصلاحات کی جانب توجہ دینی چاہیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بے روزگار اور ناپختہ ذہن کے نوجوان شدت پسندی میں استعمال ہورہے ہیں، تعلیم یافتہ دہشت گرد صرف پیسہ کمانے کے لیے کام کرتے ہیں۔

پاناما لیکس پر تبصرہ کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ میرے پاس جو ثبوت تھے وہ جے آئی ٹی کو پیش کردیے، جے آئی ٹی کا والیم 10 کھولا گیا تو کئی لوگوں کے لیے مسائل بہت بڑھ جائیں گے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

عمیر دبیر
عمیر دبیر
محمد عمیر دبیر اے آر وائی نیوز میں بحیثیت سب ایڈیٹر اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں

مزید خبریں