کراچی : رینجرز نے ایم کیوایم کےرہنما عامر خان کی ضمانت سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے ایم کیوایم کے رہنماء عامر خان کی ضمانت سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا، رینجرز کا کہنا ہے کہ ماتحت عدالت نے پولیس فائل کےبغیرعامرخان کی ضمانت منظورکی۔ فیصلہ کالعدم قراردیاجائے۔
رینجرز کے ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ محمد ریاض نے سندھ ہائیکورٹ میں ایم کیوایم کے رہنماء عامر خان کی ضمانت چیلنج کی، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عامرخان کی ضمانت غیرقانونی طریقے سے ہوئی۔
واضح رہے کہ رینجرز نے عامرخان کو ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے گیارہ مارچ کو حراست میں لیا تھا، چار جون کو عامر خان کے خلاف جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے کا مقدمہ درج ہوا جبکہ تیس جون کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عامر خان کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔