تازہ ترین

متحدہ رہنما امجد اللہ پریس کلب سے باہر نکل آئے، رینجرز نے گرفتار کرلیا

کراچی: پریس کلب میں چار گھنٹوں سے محصور متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما بالآخر باہر آگئے جس کے بعد باہر موجود رینجرز کی بھاری نفری نے انہیں گرفتار کرلیا، ڈاکٹر حسن ظفر اور کنور خالد یونس پہلے ہی گرفتار ہیں جب کہ ایک اور لندن رہنما ساتھی اسحاق کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے۔

رینجرز کی بھاری نفری اورمیڈیا کی بڑی تعداد کلب کے باہر موجود

امجد اللہ پریس کلب میں کئی گھںٹوں سے موجود تھے رینجرز کی بھاری نفری پریس کلب کے باہر ان کی گرفتاری کے لیے منتظر تھی جبکہ میڈیا کے نمائندے، کیمرا مین مع ڈی ایس این جی کے گھنٹوں تک وہیں موجود رہے۔


یہ پڑھیں: متحدہ لندن کے رہنما حسن ظفر عارف اور کنور خالد پریس کلب سےگرفتار


رینجرز نے پریس کلب پر پریس کانفرنس کرنے کے لیے آنے والے متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما حسن ڈاکٹر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو پریس کلب کے باہر سے ہی کارکنوں کا انتظار کرتے ہوئے گرفتار کرلیا تاہم امجد اللہ پریس کلب کے اندر موجود ہونے کے سبب گرفتاری سے بچ گئے تھے۔

رینجرز کافی دیر تک ان کا باہر نکلنے کے لیے انتظار کرتی بعد ازاں وہ پریس کلب کے گیٹ سے باہر نکل کر اطراف میں پھیل گئی بعدازاں کچھ دیر بعد رینجر زکی بھاری نفری کلب کے باہر تعینات کردی گئی لیکن امجد اللہ چار گھںٹے تک باہر نہیں آئے تاہم اب ساڑھے سات بجے کے بعد وہ باہر نکل آئے اور گرفتاری دے دی۔

دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب رینجرز نے کلب کے اطراف سے ایک شخص کو امجد اللہ کے شبے میں گرفتار کرلیا تاہم تصدیق ہونے کے بعد اسے کچھ دیر میں رہا کردیا۔

دریں اثنا رینجرز نے ایم کیو ایم لندن کے ایک اور رہنما ساتھی اسحاق کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پر نہیں ملے۔

امجد باہر نہیں آنا چاہتے تھے، پریس کلب انتظامیہ نے باہر بھیجا

اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ لندن کے رہنما امجد اللہ پریس کلب سے باہر آنا نہیں چاہ رہے تھے انہیں پریس کلب کی انتظامیہ نے باہر جانے کا کہا جس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ملزم کو باہر نہیں بھیجا تو اندر آکر گرفتار کرلیں گے، رینجرز

رپورٹر کے مطابق رینجرز نے پریس کلب کی انتظامیہ کو باور کرایا تھا کہ پریس کلب کی انتظامیہ کسی ملزم کو پناہ نہیں دے سکتی اگر ملزم کو باہر نہیں بھیجا گیا تو رینجرز پریس کلب میں گھس کر ملزم کو گرفتار کرلے گی۔

رینجرز کے اس اقدام سے پریس کلب کی چار دیواری کا تقدس پامال ہونے کا احتمال تھا جس کے بعد چار گھنٹے تک امجد اللہ کے باہر نہ جانے پر پریس کلب کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ امجد اللہ سے سختی سے باہر جانے کا کہا جائے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے امجد اللہ کو باہر بھیجا گیا جہاں رینجرز نے امجد اللہ کو ڈاکٹر حسن ظفر اور کنور خالد کی طرح گرفتار کرلیا۔

Comments

- Advertisement -