ہفتہ, مارچ 22, 2025
اشتہار

ایم کیو ایم کی ایک اور پتنگ پاکستان ہاؤس میں جا گری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی اور 15 تنظیمی ذمہ داران نے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے آپسی تنازعات کے باعث منتخب اراکین اسمبلی اور ذمہ داران و کارکنان کی پتنگیں کٹنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، گذشتہ پانچ روز کے دوران متحدہ پاکستان کے چار اراکین اسمبلی نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی اور آج ایک بار پھر پاک سرزمین پارٹی نے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی کی وکٹ لے لی۔

گلشن اقبال کے حلقے این اے 253 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی الیکشن سیل کے ذمہ داران کے ہمراہ پاکستان ہاؤس پہنچے اور انہوں نے انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ’ 15 سے زائد ساتھیوں نے پی ایس پی میں شمولیت اختیار کی، کارکنان کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ مایوس ہوکر ہمارے یعنی اپنے بھائیوں کے پاس ہی آرہے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: پی آئی بی بہادرآباد تنازع، متحدہ کی کئی ’منتخب پتنگیں‘ کٹنے کو تیار

پی ایس پی صدر نے فاروق ستاراورخالد مقبول کو بات چیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ آئیں اس لڑائی کو ختم کریں اور مل کر شہر کے لیے جدوجہد کریں تاکہ شہریوں کو سہولت میسر ہوسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ کراچی میں 10 ، 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے، کے الیکڑ ک کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا قبلہ درست کرے ، شہر میں بسنے والوں کو شناختی کارڈ کے حصول مشکل درپیش ہیں، اس مسئلےکو فوری حل طور پر کیاجائے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز پاک سرزمین پارٹی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ایم کیو ایم کی قیادت کے آپسی جھگڑے کے باعث بیشتر اراکین اسمبلی نے پی ایس پی سے رابطے شروع کردیے اور جلد وہ مرحلہ وار شمولیتیں اختیار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیوایم کےرکن قومی اسمبلی وسیم حسین پی ایس پی میں شامل

واضح رہے کہ گذشتہ پانچ روز کے دوران ایم کیو ایم کی تین خواتین اراکین اسمبلی ناہید بیگم اور نائلہ منیر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیارکی علاوہ ازیں دو روز قبل حیدرآباد کے حلقہ این اے 220 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی  سید وسیم حسین نے  پی ایس پی میں شامل ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان  کے  اراکین اسمبلی و بلدیاتی نمائندے بشمول  ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سمیت متعدد رہنما  پی ایس پی میں شمولیت کا اختیار کر چکے ہیں جن کے خلاف فاروق ستار نے الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کرنے کی استدعا کی تھی۔

ارکان میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین، جبکہ اراکین سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضیٰ خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار شامل تھیں تاہم اُس درخواست پر کوئی بڑی پیشرفت سامنے نہ آسکی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں