اتوار, نومبر 3, 2024
اشتہار

متحدہ کے خلاف کریک ڈائون، کراچی اور حیدر آباد میں دفاتر سیل،گرفتاریاں

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو سمیت پارٹی کےکراچی اور حیدر آباد میں واقع  دفاتر کو  سیل کردیا گیا، رینجرز کی بھاری نفری نے نائن زیرو کے اطراف گھیرا ڈال کر سرچ آپریشن کیا، کاغذات، واکی ٹاکی اور دیگر آلات اپنے قبضے میں کرلیے۔

اطلاعات کے مطابق کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتالی کیمپ میں پاکستان مخالف تقریر اور میڈیا ہائوسز پر حملوں کے الزام کے بعد ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے، فاروق ستار، عامر خان، ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، خواجہ اظہار الحسن، ارشد وہرہ، خواجہ سہیل، ساجد احمد،شاہد پاشا،وسیم احمد، کنور نوید جمیل اور قمر منصور سمیت دیگر رہنمائوں کی گرفتاری کے بعد اب نائن زیرو سمیت اس سے ملحق میڈیا ڈپارٹمنٹ اور دیگر تمام شعبہ جات کو سیل کردیا گیا۔

نائن زیرو سیل کرنے کے لیے رینجرز کی بھاری نفری چند گھنٹوں سے موجود ہے جس میں خواتین اہلکار بھی شامل ہیں، رینجرز نے ایم کیو ایم کی گلی سیل کی بعدازاں پورے مرکز کو سیل کردیا، علاقے میں ہر آنے اور جانے والے شخص کو روک دیا گیا،  نائن زیرو کے اطراف واقع گھروں اور مشتبہ مکانات کی بھی تلاشی لی۔

- Advertisement -

رینجرز نے قائد ایم کیو ایم کی رہائش گاہ، سیکیورٹی آفس اور کنٹرول روم کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے لیا،واکی ٹاکی اور دیگر آلات اپنے قبضے میں کرلیے اور نائن زیرو پر موجود 6 سے  7 افراد کو حراست میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم کے گلشن اور گلستان جوہر کے دفاتر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے اور انہیں سیل کردیا ہے،آپریشن سے قبل یہ ایم کیو ایم کے تمام یونٹس اور سیکٹرز پہلے ہی خالی پڑے تھے اس لیے کوئی گرفتاری سامنے نہیں آئی۔

رینجرز نےعباس ٹائون پر چھاپہ مار کر متحدہ کے دو کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

علاوہ ازیں کریک ڈائون کے سبب ایم کیو ایم کی ویب سائٹ بھی بند کردی گئی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں