جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

وزیراعظم سے ملاقات، ایم کیو ایم نے کامران ٹیسوری کو دوبارہ گورنر کےعہدے پر بحال کرنے کا مطالبہ رکھ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں ایم کیو ایم نے کامران ٹیسوری کو دوبارہ گورنر کےعہدے پر بحال کرنے کا مطالبہ رکھ دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ کی پیشکش سے قبل سیاسی منظر نامے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ، ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، جس میں وفاقی بجٹ، سیاسی لوکل گورنمنٹ آرڈیننس، اور سندھ کی گورنر شپ سمیت کئی اہم اور حساس مطالبات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے ایم کیو ایم کے وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، امین الحق اور جاوید حنیف شامل تھے۔

دوسری جانب حکومتی اتحاد اور مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثناء اللہ، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، عطا تارڑ اور توقیر شاہ نے کی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کا مرکزی نقطہ بلدیاتی حکومتوں کو بااختیار بنانے کے لیے مجوزہ آئینی ترمیمی بل تھا۔

ایم کیو ایم کے وفد نے وفاق پر زور دیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ حکومت سازی کے وقت طے پانے والے معاہدے میں بلدیاتی آئینی ترمیم لانے کی شق سب سے اہم تھی۔

ایم کیو ایم نے حکومتی کمیٹی سے سوال کیا کہ "ہمیں حتمی طور پر بتایا جائے کہ بلدیاتی آئینی ترمیم کا بل کب تک پارلیمنٹ میں لایا جائے گا؟”

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سندھ کی سیاسی صورتحال اور گورنر کے عہدے پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی حکومت کے سامنے کامران ٹیسوری کو دوبارہ سندھ کے گورنر کے عہدے پر بحال کرنے کا واضح مطالبہ رکھ دیا ہے، جس پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وفد نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے معاشی مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر بوجھ کم کرنے کے لیے بجلی، گیس کی قیمتوں اور پٹرولیم لیوی میں فوری کمی کی جائے۔

اس کے علاوہ کراچی اور حیدرآباد کے ترقیاتی کاموں کے لیے وفاقی بجٹ میں خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

ملاقات میں نیشنل فنانس کمیشن کے ذریعے کراچی کی ترقی کے لیے براہِ راست 300 ارب روپے مختص کرنے کے حوالے سے بھی سنجیدہ گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کو یقین دلایا کہ ان کے جائز تحفظات اور کراچی کے ترقیاتی پیکیج کو بجٹ کا حصہ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

اہم ترین

مزید خبریں