تازہ ترین

اسلام آباد : متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات

اسلام آباد : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) پاکستان کے وفد نے رات گئے پارلیمنٹ لاجز میں اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال، تحریک عدم اعتماد اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایم کیو ایم، اپوزیشن جماعتوں میں ملاقاتوں اور پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، دیگر اتحادی جماعتوں سے ملاقاتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ رہنما نے کہا کہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جو فیصلہ قوم، ملک اور شہری سندھ کے عوام کے حق میں ہوگا وہی کریں گے۔

اس موقع پر اپوزیشن رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ عدم اعتماد کے حوالے سے پُرامید ہیں، اسمبلی میں ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

اپوزیشن کے وفد میں اخترمینگل، احسن اقبال، ایازصادق، رانا ثناءاللہ شامل تھے جبکہ خواجہ سعدرفیق، خورشید شاہ، سہیل انور سیال بھی اپوزیشن وفد میں موجود تھے۔

ایم کیوایم کی جانب سے ڈپٹی کنونیئرعامرخان نے وفد کی قیادت کی جبکہ وسیم اختر اور وفاقی وزیر امین الحق بھی موجود تھے،

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن آج متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی قیادت سے کراچی میں بہادرآباد مرکز پر ملاقات کریں گے۔

حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان اور پی ڈی ایم کے سربراہ کی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کی جائے گی۔

Comments