کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے گورنر سندھ کو مشروط یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ تحفظات دور ہونے پر ایم کیو ایم حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں ایم کیو ایم کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی، سہیل مشہدی اور ظفرکمالی نے گورنرسندھ سے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر گورنرسندھ نے آصف زرداری سے ہونے والی بات چیت سے متعلق خالد مقبول کو اعتماد میں لیا۔ سہیل مشہدی نے گورنرسندھ کو ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد سےمتعلق معاملات پر آگاہ کیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خالد مقبول صدیقی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ آپ کے تمام تحفظات دور ہوں گے، بلدیاتی انتخابات شفاف بھی ہوں گے اور منصفانہ بھی۔
گورنر سندھ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ انتخابات سے پہلے ایم کیوایم کے تمام تحفظات ختم کیے جائیں گے، جس پر خالد مقبول صدیقی نے بھی یقین دہانی کرائی کہ اگر ایسا ہوگا تو ایم کیوایم حکومت سے الگ نہیں ہوگی۔
مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی ایم کیو ایم کو آج ہی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی
واضح رہے کہ اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی وفاقی حکومت سے علیحدگی کی دھمکی پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کو تحفظات آج ہی دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے وزیر اعظم سے کہا کہ آپ نے یقین دہانیاں کرائی ہیں لیکن اب عمل درآمد چاہیے کیوں کہ عوام اور کارکنان کا ہم پر شدید دباؤ ہے، 5 دن سے آپ کے مثبت جواب کا انتظار کر رہے ہیں۔
جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات پر پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں، آپ ہمارے اتحادی ہیں مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔