کراچی : ایم کیوایم پاکستان آج لیاقت آباد کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہر ہ کرے گی، جلسے کی تیاریوں کے دوران متحدہ اور پی ایس پی کے کارکنوں میں نعرے بازی کے مقابلے سے کشیدگی پھیل گئی، فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ جلسے کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے زیر اہتمام حالیہ مردم شماری کے نتائج کیخلاف لیاقت آباد میں جلسہ عام کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں، شہر بھر میں جگہ جگہ کیمپ لگائے گئے ہیں جہاں کارکنان کی بڑی تعداد میں موجود ہیں اور پارٹی ترانے گونج رہے ہیں۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستار، میئر کراچی وسیم اختر اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار نے بھی جلسے کی تیاریوں کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جلسہ آج دوپہر دو بجے شروع ہوگا۔
ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کراچی کس کا ہے اس کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احتجاج کے حق سے روکا جا رہا ہے، پارٹی بینرز اتارے جا رہے ہیں، حکومت سکیورٹی فراہم کرے، جلسہ میں مردم شماری کے نتائج کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے
مزید پڑھیں: مردم شماری نتائج کی تصدیق کروائی جائے، ایم کیو ایم
لیاقت آباد میں جلسے کی تیاری کے دوران ایم کیوایم اور پی ایس پی کے کارکن آمنے سامنے آگئے،اس دوران نعروں کا مقابلہ شروع ہوگیا، پی ایس پی کارکنان نے مصطفی کمال کے حق میں نعرے لگائے۔