کراچی: وفاقی وزیر برائے آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کردیں، کراچی کے شہریوں کو نوکریوں سے محروم کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے ملازمتیں فروخت کرکے کراچی کے شہریوں کو نوکریوں سے محروم کردیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کہا کہ حکومت نے میئر کراچی وسیم اختر اور حیدر آباد کے لیے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم ہر سال شہدا اردو کی برسی منائے گی، اردو کی حرمت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں میں ملازمین کی تقرری پر پھر پابندی لگا دی
واضح رہے کہ چند روز قبل سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں میں ملازمین کی تقرری پر پھر پابندی لگادی تھی اس سے قبل حکومت سندھ نے 1 سے 4 گریڈ تک ملازمین کی تقرری کی اجازت دی تھی۔
میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت کے اقدام کو کراچی سے دشمنی قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو حکومت سندھ نے خط کے ذریعے بھرتیوں کی اجازت دی تھی، آسامیاں برسوں سے خالی ہیں، ان آسامیوں کے لیے بجٹ میں خصوصی رقم رکھی گئی ہے۔
یاد رہے کہ 9 اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبائی محکموں کو ہدایت کی تھی کہ گریڈ 1 تا 15 کی خالی اسامیوں پر خالصتاً میرٹ اور شفاف طریقۂ کار کے ذریعے 41 ہزار ملازمین کی بھرتی کا عمل شروع کیا جائے۔