اسلام آباد : ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بانی کے خلاف قرارداد جمع کرادی جبکہ قومی اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے بانی کے خلاف قرارداد جمع کرادی، ایم کیو ایم کی قرارداد شیخ صلاح الدین نے جمع کروائی جس پر بائیس ارکان کے دستخط ہیں۔
مزید پڑھیں : ایم کیوایم پاکستان نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف قرارداد تیار کرلی
قرار داد میں کہا گیا ہے کہ کھلے دل سے ایم کیوا یم پاکستان کا خیر مقدم کیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان پرخلوص پاکستانی ہے، ایم کیو ایم کے پیروکار پاکستان کی تخلیق کرنے کے لئے خون بہانے والوں کی اولاد ہیں۔
قرارداد میں پارلیمنٹ، مسلح افواج، عدلیہ اور میڈیا کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی بھی کیا گیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا بائیس اگست قوم کے لئے بدترین دن تھا، پاکستان مخالف نعرہ لگانے والے کو پورے پاکستان نے مسترد کردیا ، بانی تحریک نے لکیر کھینچی اور ہم نے بھی کھینچی ۔ ایم کیو ایم پاکستان ایک طرف ، نعرے لگانے والے دوسری طرف ہیں۔
مزید پڑھیں : پاکستان مخالف بیانات، فاروق ستار کا ایم کیو ایم قائد کے خلاف قرارداد لانے کا فیصلہ
دوسری جانب قومی اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے، قرار داد حکومتی رکن برجس طاہر نے پیش کی، جس کی ایم کیو ایم سمیت اپوزیشن نے حمایت کی، قرارداد میں میڈیا پرحملے کی مذمت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 22 اگست کو الطاف حسین نے کراچی میں کارکنوں سے خطاب کے دوران پاکستان مخالف نعرے لگوائے تھے، جبکہ کارکنوں کو میڈیا ہاؤسز پرحملوں کے لیے اکسایا تھا، جس کے بعد کارکنوں نے مشتعل ہوکر اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔