کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج سے متعلق مشاورت کے لیے کل جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا۔
بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیو ایم پہلے ہی میدان میں ہے جب کہ گزشتہ روز ٹنڈوالہیار میں کارکن کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس کنوینر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت کراچی میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں مجموعی صورتحال پر غور کے بعد کل کارکنان کا ہنگامی جنرل ورکرز اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جسمیں مشاورت کے بعد بڑے اعلانات متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج اور سڑکوں پر آنے پر غور کیا گیا اور پارٹی کے تمام ذمے داران اور کارکنوں کو کل بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی
ذرائع کے مطابق جنرل ورکرز اجلاس میں پی پی کی زیادتیوں سمیت بلدیاتی قانون پر اہم فیصلے کیے جائیں گے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ریلیاں نکالنے اور دھرنے کی جگہ اور دن سے متعلق کارکنوں سے مشاورت کی جائیگی۔