کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کاکہنا ہے کہ انہیں اس بات کی سمجھ نہیں آئی کہ ایم کیو ایم نے استعفے کیوں دیئے ہیں، کیا وہ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر مستعفی ہوئے ہیں۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں خواتین کی ترقی و حقوق کے متعلق سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں ریحام خان کاکہنا تھا کہ جب تک خواتین اور اقلیتوں کو ان کے حقوق نہیں ملیں گے جناح کا پاکستان نہیں بن سکتا۔
ریحام خان کاکہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو ایسا ماحول بنانا ہوگا کہ خواتین ذیادہ سے ذیادہ سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
ریحام خان کاکہنا تھا کہ اس یوم آزادی پرہمیں خواتین ، اقلیتیں ، سانحہ قصور اور سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو بھی یاد رکھنا چاہئیے جن کے اہلخانہ انتہائی تکلیف اور اذیت سے گزر رہے ہیں۔
تقریب سے پیپلزپارٹی کی رہنماؤں شیریں رحمان، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ، اورصوبائی وزیر نثار کھوڑو سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ خواتین کی ترقی کیلئے کام کیا، بعد ازاں ریحام خان نے فیصل واوڈا اور عمران اسماعیل کی فیملی کے ہمراہ نجی ہوٹل میں ڈنر کیا۔