اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان نے مردم شماری نتائج کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی میں قرار داد جمع کروادی۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے قرار داد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مردم شماری کے نتائج کی تصدیق ہونے تک حتمی رپورٹ روکی جائے اور حکومت عبوری نتائج کی تصدیق کیے بغیر کوئی نوٹی فکیشن جاری نہ کرے۔
ایم کیو ایم کی قرار داد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نتائج کی تصدیق کے بعد ہی مردم شماری کے حتمی نتائج جاری کیے جائیں، قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ میں جمع کروائی جانے والی قرار داد پر متحدہ کے تمام اراکین اسمبلی کے دستخط ہیں۔
پڑھیں: ملکی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ ہوگئی، مردم شماری کے نتائج جاری
یاد رہے کہ 1998 کے بعد رواں برس ملک میں مردم شماری کی مختلف مراحل میں کی گئی تھی جس کے غیر سرکاری نتائج بھی سامنے آچکے ہیں، جس کے مطابق ملک کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ تک پہنچ گئی۔
مردم شماری کے اعداد و شمار جاری ہونے کے بعد سیاسی جماعتوں نے اسے ماننے سے انکار کردیا تھا، ایم کیو ایم کے سربراہ نے دعویٰ کیا تھاکہ کراچی کی آبادی تین کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ مردم شماری نتائج میں اسے ایک کروڑ کے قریب دکھایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: مردم شماری: دس بڑے شہروں کے نتائج جاری
متحدہ کی جانب سے مردم شماری نتائج کے خلاف احتجاجی ریلی کا بھی اعلان کیا گیا تھا تاہم ایم کیو ایم قیادت نے اسے سیکیورٹی خدشات کی بناء پر مؤخر کردیا تھا۔