تازہ ترین

کوئی مائی کا لال اب کراچی کی سیٹ نہیں چھین سکتا، وسیم اختر

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ  کوئی مائی کا لال اب  ہم سے سیٹ نہیں چھین سکتا۔

کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا ، جس میں امیدوار حافظ مرسلین ، رابطہ کمیٹی قیادت اور کارکنان نے شرکت کی۔

ریلی کے اختتام پر ایم کیو ایم رہنما وسیم اختر  نے خطاب کیا جس میں انہوں نے مصطفیٰ کمال کا نام لیے بغیر تنقید کی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’حیران ہوں دو بار صوبائی اور ایک بار قومی اسمبلی کا الیکشن ہارنے والا پھر یہاں سے انتخاب لڑ رہا ہے،  یہ الیکشن اُس پارٹی کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی کیونکہ عوام ایم کیو ایم کے ساتھ ہے‘۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ’کوئی مائی کا لال اب ہم سے کراچی کی سیٹ نہیں چھین سکتا، آئندہ آنے والے عام انتخابات میں اپنا چرایا گیا مینڈیٹ اور نشستیں واپس لیں گے‘۔

مزید پڑھیں: این اے 249؛ الیکشن کمیشن کا بڑا حکم

اُن کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان بنایا تھا اب اس کو بچائیں گے،  اپنے اتحاد سے اپنا وقار اور پوزیشن بحال کریں گے، ہمارے نمائندے حافظ مرسلین کا تعلق اسی علاقے سے ہے،  یہ یہاں کے مسائل کو جانتے ہیں اور اسلام آباد جاکر آپ کے مسائل پر آواز اٹھائیں گے‘۔

وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ ’بس اب بہت ہوا! بلدیہ والے کسی باہر والے کو برداشت نہیں کریں گے، اس بار حلقہ این اے 249 کے ووٹر اپنے گھر میں باہر سے آنے والے تمام لوگوں کو فارغ کر دیں گے‘۔

دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال بھی اس حلقے میں اپنی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، انہوں نے بھی آج ریلی کا نکالی ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’الیکشن نتائج جو بھی ہوں، مصطفیٰ کمال اب بلدیہ سے باہر نہیں جائے گا بلکہ اس حلقے کے عوام کے ساتھ ہی رہے گا‘۔

Comments

- Advertisement -