کراچی : ایم کیو ایم متحد ہونے کے بعد سیاسی طاقت دکھانے کو تیار ہے، ایم کیوایم کا جلسےکے لیے’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ کا نعرہ مختص کیا گیا ہے، جلسہ 5بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بلاول کے تیروں کا جواب دینے کیلئے ایم کیوایم پاکستان تیار ہے، لیاقت آباد کے ٹنکی گراؤنڈ میں بھرپور پاور شو کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، جلسہ 5بجے شروع ہوگا۔
کراچی میں پاکستانی اور ایم کیوایم پرچموں کی بہار آگئی، استقبالیہ بینرز بھی آویزاں کردیے گئے، گراؤنڈ میں 45ہزار سے زائد کرسیاں لگادی گئیں، اسٹیج سج گیا جبکہ اسکرینیں بھی نصب کردی گئیں۔
ایم کیوایم کاجلسےکےلیے’’جاگ مہاجر جاگ‘‘ کانعرہ مختص کیاگیاہے، جلسے سے فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی خطاب کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مشترکہ جلسے کیلئے قیادت سمیت کارکنان بھی پرجوش ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ جلسے کا مقصد یکجہتی اوراتحاد قائم کرنا ہے۔ پیپلزپارٹی کو خالی اور بھری ٹنکی کا فرق بتادیں گے جبکہ عامرخان نے کہا آج پی پی کوبتادیں گے کہ آئندہ جلسے کیلئے یہاں نہ آنا۔
گزشتہ رات ایم کیو ایم نے ریلی نکالی، فاروق ستار اور عامر خان ایک ہی گاڑی میں سوار تھے، خالد مقبول صدیقی، فیصل سبزواری سمیت اعلیٰ قیادت نے بھی کارکنان کا جوش بڑھایا، شہر کےمختلف علاقوں سے ریلیاں ٹنکی گراؤنڈ پہنچی جہاں میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔
یاد رہے ٹنکی گراؤنڈ میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں بلاول بھٹو کی تنقید کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں پی آئی بی اور بہادرآباد نے 5 مئی کو مشترکہ جلسہ کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مہاجر اور مظلوم کی یکجہتی کے خلاف ہرسازش ناکام بنائیں گے جبکہ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دو روز بعد ہر سوال کا جواب مل جائے گا۔