The news is by your side.

Advertisement

خواجہ سراﺅں پر عمرہ کے لئے پابندی لگانا شرعاً ناجائز وغلط ہے، مفتیان کرام

لاہور : معروف مذہبی اسکالرمفتی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی سربراہی میں جامعہ نعیمیہ کے شعبہ دارالافتاء کے مفتیان کرام نے سعودی حکومت کی طرف سے خواجہ سراﺅں کے عمرہ پر حالیہ پابند ی کو مسترد کرتے ہوئے متفقہ شرعی فتویٰ میں کہا ہے کہ خواجہ سراﺅں پر عمرہ کے لئے پابندی لگانا شرعاً ناجائز وغلط ہے، حکومت پاکستان سعودی گورنمنٹ سے بات کرکے خواجہ سراﺅں پر پابندی ختم کرائے۔

جامعہ نعیمیہ لاہور کے دارالافتاء کے مفتیان نے اپنے فتویٰ میں کہا ہے کہ مسلمان خواجہ سراء دوسرے مسلمانوں کی طرح شرعی احکام کے مکلف (پابند)ہیں، شریعت محمدی میں ان کی پیدائش سے لے کروفات تک کے مسائل بیان کئے گئے ہیں، حتیٰ کہ ان کی وراثت کا ذکر بھی احادیث میں آیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ جس طرح دوسرے مسلمانوں پر نماز،روزہ ،زکوٰة،حج و دیگر احکام لازم ہیں، اسی طرح خواجہ سراﺅں پر بھی یہ تمام احکام فرض ا ور لازم ہیں، صاحب استطاعت خواجہ سراﺅں پر حج فرض ہے، اس کی بجاآوری کے لیے خواجہ سراﺅں کا حج پرجانا ان کے لیے سعادت مندی ہے، ایسے ہی ان کا عمرہ پر جانا بھی باعث ثواب وسعاد ت مندی ہے اوران پر عمرہ کے لئے پابندی لگانا شرعاًنا جائز و غلط ہے اور ساتھ ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔

مفتیان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سعوی گورنمنٹ سے بات چیت کرکے خواجہ سراﺅں پر عائد پابندی ختم کروائی جائے، شرعی فتویٰ میں مزید کہا گیا کہ خواجہ سراءحج وعمرہ کے احکامات سیکھنے کے لئے مفتیان کرام اورعلماء دین سے رہنمائی لیں۔

مفتیان نے خواجہ سراﺅں کی طرف سے اسلام آباد میں مسجد کی تعمیر کو اچھا عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد کے قیام سے ان کے لئے نیکیوں کے حصول کاباعث بنے گا اوران کے متعلق معاشرے میں پائی جانے والی منفی سوچ وفکر کا خاتمہ بھی ہوگا اور مسجد کے امور چلانے کے لئے خواجہ سراء مفتیان اسلام سے رجوع کریں۔

متفقہ شرعی رائے وفتویٰ کرنے والے دیگر مفتیان کرام میں مفتی محمد عمران حنفی،مفتی محمدہاشم ر ضوی،مفتی محمدعارف حسین، مفتی سید زین العابدین شاہ بھی شامل ہیں۔


مزید پڑھیں : خواجہ سراؤں کے عمرہ کرنے پرپابندی عائد


یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب نے عمرہ پر جانے کے خواہش مند خواجہ سراؤں کو ویزہ نہ دینے کا اعلان کردیا، اس ضمن میں پاکستان میں تعینات سعودی قونصل جنرل نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ٹریول ایجنٹس کو احکامات جاری کردیے ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں