کراچی: جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیم کو دھچکا لگ گیا، فاسٹ بولر محمد عباس انجری کے سبب پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پروٹیز کی سرزمین پر کڑے امتحان سے پہلے پاکستان ٹیم کو بڑا جھٹکا لگا ہے، کندھے کی انجری سے محمد عباس چھٹکارا نہ پاسکے اور سنچورین ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
فاسٹ بولر محمد عباس نے پریکٹس میچ میں بھی حصہ نہیں لیا تھا، محمد عباس نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔
پاکستانی پیس اٹیک کی ذمہ داری محمد عامر پر آگئی ہے، شاہین آفریدی اور حسن علی پر بھی ٹیم سرفراز احمد کا انحصار ہوگا البتہ ٹیم کی امیدوں کا محور لیگ اسپنر یاسر شاہ ہوں گے۔
مزید پڑھیں: فاسٹ بولر محمد عباس انجرڈ، نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے باہر
سائیڈ میچ میں کامیابی سے قومی ٹیم کا حوصلہ بلند ہے لیکن سنچورین ٹیسٹ میں محمد عباس کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے سنچورین میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارت اور آسٹریلیا کا ٹیسٹ میچ ختم ہونے پر آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کی تھی جس کے مطابق فاسٹ بولر محمد عباس چوتھے پر موجود ہیں۔
فاسٹ بولر محمد عباس نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 17 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم کیویز کے خلاف سیریز کی 4 میں سے تین اننگز میں وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔