حیدرآباد کنگزمین کے نوجوان فاسٹ بولر محمد علی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کو فارم میں واپسی کے لیے ایک اچھی اننگز درکار ہے۔
ملتان سلطانز کو شکست دینے کے بعد حیدرآباد کنگزمین کے فاسٹ بولر محمد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں کمبی نیشن بنانے میں وقت لگا جس کی وجہ سے شکست ہوئی، کراچی آنے کے بعد ہماری ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل چار فتوحات کے بعد پلے آف کی جانب بڑھ رہے ہیں، ہمارے پاس پاور ہٹنگ والے بیٹر موجود ہیں، کپتان مارنس لبوشین اننگز کو بنانے میں دوسرے بیٹرز کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔
یہ پڑھیں: عثمان خان کی سنچری، حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی
محمد علی نے کہا کہ عثمان خان کی شاندار سنچری کے بعد ہم جیت کا حق رکھتے تھے، حسان خان نے آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ کا فاتحانہ اختتام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں شکست کے باوجود ہمیشہ مثبت سوچ رہی ہے اسی لیے فتوحات مل رہی ہیں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ گلین میکسویل کا تجربہ ہمارے لیے انتہائی فائدہ مند ہے، وہ نوجوان کھلاڑیوں کو سکھانے اور ان کی رہنمائی کی مسلسل کوشش کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی، عثمان خان کو سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں


