اسلام آباد (8 فروری 2026): ورلڈ بینک نے پاکستان کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کیلیے حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب میں ورلڈ بینک کی ایم ڈی اینا بجرڈے سے ملاقات کی جو سالانہ العلا کانفرنس برائے ایمرجنگ مارکیٹ اکانومی کے موقع پر ہوئی۔ کانفرنس میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کو درپیش اہم معاشی مسائل اور مواقع پر بات کی جاتی ہے۔
محمد اورنگزیب اور اینا بجرڈے کی ملاقات کے دوران کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک اور ترقیاتی ترجیحات پر تبادلہ خیال جبکہ توانائی، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلیوں اور مالیاتی اصلاحات پر گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ورلڈ بینک نے پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کو سی پی ایف اہداف سے کم قرار دے دیا
اینا بجرڈے نے پاکستان کے 20 ارب ڈالر کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام کیلیے ورلڈ بینک کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پروگرام کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ کرنے کیلیے مؤثر عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے ساتھ قریبی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور متعلقہ وفاقی وزارتوں کے ذریعے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
محمد اورنگزیب نے زور دیا کہ بہتر کوآرڈینیشن اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلیے صوبائی حکومتوں کے کردار اور تعاون ضروری ہے۔
وزیر خزانہ کی سعودی وزیر معیشت سے ملاقات
دوسری جانب، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے العلا کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیر معیشت فیصل بن فاضل الابراہیم سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق پیشرفت پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ معاشی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
سعودی وزیر نے پاکستان میں تیار اے آئی اور ٹیکنالوجی کی افرادی قوت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت عالمی سطح پر سرفہرست ممالک میں شمار ہوتی ہے، سعودی عرب میں اس تکنیکی تبدیلی کا عمل جاری ہے، قیادت کیلیے پاکستانی ٹیک ٹیلنٹ سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق سعودی وزیر نے گوگل کے سابق سی ای او ایرک شمٹ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ ایرک شمٹ نے بھی پاکستانی ٹیکنالوجی ماہرین کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا، پاکستان سعودی عرب سمیت بین الاقوامی منڈیوں کیلیے انسانی وسائل بڑھا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



