اشتہار

محمد رضوان کا معاذ صداقت کے لیے جذباتی پیغام وائرل

اشتہار

حیرت انگیز

محمد رضوان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز معاذ صداقت کے پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب پورا ہونے پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز نے اپنے ایک جذباتی پیغام میں اس پرانے واقعے کو یاد کیا جب معاذ اپنے بھائی ہارون کے ساتھ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے اور قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ انہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے یہ کل ہی کی بات ہے جب معاذ قومی جرسی پہننے کی امید لے کر ان سے ملے تھے۔انہوں نے معاذ کو پاکستان کی سبز شرٹ میں دیکھ کر فخر اور خوشی کا اظہار کیا اور ان کے لیے مزید کامیابیوں کی دعا کی۔

نوجوان کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے نام اپنے پیغام میں محمد رضوان نے صبر، مستقل مزاجی، سخت محنت اور اللہ تعالی پر پختہ یقین کی اہمیت پر زور دیا، اور انہیں مشکلات کے باوجود اپنے خوابوں پر ڈٹے رہنے کی ترغیب دی۔

اس کے علاوہ محمد رضوان نے کپتان صاحبزادہ فرحان اور پوری پاکستانی ٹیم کو شاندار ہوم سیریز جیتنے پر مبارکباد دی اور اپنے پیغام کا اختتام "پاکستان زندہ باد” کے نعرے پر کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 82 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے 3 وکٹوں پر 215 رنز بنائے، جس میں معاذ صداقت نے 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 96 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔

کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی 44 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں