نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے -
The news is by your side.

Advertisement

نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر کل عہدے کا حلف اٹھائیں گے

کراچی : محمد زبیر عمر کل گورنر سندھ عہدے کا حلف اٹھائیں گے، زبیر عمرکا کہنا ہے کہ پاکستان تبدیل ہوگیا ہے اور ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، کراچی میں معاشی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نامزد گورنر سندھ محمد زبیر عمر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ لیں گے، محمد زبیر سندھ کے بتیسویں گورنر ہوں گے۔

گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کے انتقال کے بعد محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ تعینات کیا گیا ہے، نئے گورنر چیئرمین نجکاری کمیشن رہے ہیں، تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر کے بھائی ہیں ۔

نامزد گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پارلیمانی سسٹم، آمریت دیکھ لی، جمہوریت سب سے بہترنظام ہے، چلتا رہنا چاہئے، اپوزیشن پارٹی نے حکومتی تختہ الٹنے کیلئے راولپنڈی کا رخ کیا تھا، پاکستان تبدیل ہوگیا ہے اور ادارے مضبوط ہورہےہیں، کوئی بھی ادارہ میرٹ کے بغیر نہیں چل سکتا، ملک کی ترقی کیلئے خسارے میں چلنے والے اداروں کا فیصلہ کرنا ہوگا۔

زبیر عمر نے کہا کہ منٹ کے نوٹس پر کراچی بند ہو جاتا تھا، کراچی میں ٹارگٹ کلنگ، انتہا پسندی عروج پر تھی، 3سال میں کراچی کے حالات پر امن کردیے ، 3سال پہلے کراچی کے امن اور ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ، معاشی حب کو دوبارہ معاشی حب بنانے کا ایجنڈا تھا، کراچی میں معاشی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

نامزد گورنر زبیر عمر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ترقیاتی کاموں پربات چیت ہوئی ہے، امید ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سے اچھی کوآرڈینیشن، ہم آہنگی رہے گی۔

رات گئے وزیراعلیٰ سندھ اور نامزد گورنر محمد زبیر کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر سندھ کے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی بھی موجود تھے، ملاقات کے بعد نامزد گورنر زبیر عمر، مراد علی شاہ اور آغا سراج درانی کے ہمراہ خصوصی طیارے میں کراچی پہنچے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں