کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں نیز یہ کہ ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں و افسران کو مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی زیر صدارت پولیس ہیڈ کوارٹر میں اجلاس طلب کیا گیا، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کرائم عبدالعلیم جعفری, ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز منیر شیخ, ڈی آئی جی آر آر ایف ڈاکٹر امین یوسف زئی, ڈی آئی جی ٹریننگ , ڈی آئی جی ایس آر پی, ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی, اور کمانڈنٹ ایس ایس یو مقصود میمن کے علاوہ اے آئی جی آپریشنز سندھ اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ واے آئی جی ایڈمن سی پی او نے شرکت کی۔
پڑھیں: محرم کاسیکیورٹی پلان،آئی جی سندھ نے ہدایات جاری کردیں
اس موقع پر آئی جی سندھ کو محرم الحرام میں امن و امان کے حوالے سے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ ’’جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں پر پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور کراچی پولیس کے ڈسپوزل پر 3400 افسران و جوان فراہم کیے جائیں گے‘‘۔
مزید پڑھیں: ’را ‘کے حملوں کا خدشہ، سندھ بلوچستان کی سرحد پر سیکیورٹی سخت
آئی جی سندھ نے تمام ضلعی ایس ایس پیز کو سیکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’تمام افسران یکم تا عاشورہ تک سیکیورٹی فول پروف بنائیں تاکہ کسی عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے‘‘۔
اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ سندھ کو ہدایات دیں کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو پک اینڈ ڈراپ کی سروس مہیا کی جائے اور اس پلان پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔