اسلام آباد : متحدہ اپوزیشن رہنماؤں نے گزشتہ رات ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی اور تحریک عدم اعتماد سے متعلق اہم فیصلے کیے۔
پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کے بعد واپسی پر ایک صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ کیا اپوزیشن کے ایم کیو ایم سے معاملات طے پاگئے ہیں؟ جب معاہدہ ہوہی گیا تو پھر اعلان کیوں نہیں کیا جارہا؟
جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہر جماعت کی کچھ تنظیمی ضروریات ہوتی ہیں اور اہم فیصلوں پران فورمز سے تائید لینا ہوتی ہے۔ معاہدے کی تفصیلات کا اعلان آج 4 بجے پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔
صحافی نے پوچھا کہ مسلم لیگ ق بھی آپ سے معاہدہ کرکے گئی تھی لیکن واپس نہیں آئی تو مولانا نے جواب دیا کہ باقاعدہ معاہدہ ہوچکا ہے یہاں ایسا نہیں ہوگا۔
مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کو بتایا کہ تمام معاملات طے ہوگئے ہیں بلکہ اب آپ یوں سمجھیں کہ اس وقت ایم کیوایم پاکستان اپوزیشن کا حصہ ہے۔
جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہر جماعت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں، جماعت کے لوگوں کواعتماد میں لینا ان کا حق ہوتا ہے۔