اسلام آباد : پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کے کیس کی سماعت کرنے والے بینچ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس بینچ سے ہمیں انصاف کی توقع نظر نہیں آرہی۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اتحادیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالت سے فیصلے کا حق نہیں چھین رہے ، اس بینچ سے ہمیں انصاف کی توقع نظر نہیں آرہی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدالت سےصرف اتناکہہ رہےہیں فل کورٹ بینچ بنایاجائے، مریم نواز نے جو باتیں کیں وہ اتحادی قائدین کی متفقہ رائےہے، یہ بینچ اپنےاپنے کئے ہوئے فیصلوں کو درست کرے گی تو تضاد ہوگا۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم اس ملک کے شہری ہیں اور ہماری اس کیساتھ وفاداری ہے، محترمہ مریم نواز کی گفتگوہماری گفتگوہے، اللہ کرےملک مستحکم اورعدلیہ پرلوگوں کااعتمادبحال ہو۔
سپریم کورٹ میں داخلے پر پابندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے یہاں بیٹھے تمام قائدین کے داخلے پر پابندی لگادی ہے آئینی اور قانونی ماہرین فوری طور پر رائے دیں کہ ہمیں کیا کرناچاہئے۔