ملتان : وہاڑی چوک میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہوگئی، جبکہ 50 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے کئی افراد کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکہ ایک رکشے میں ہوا جس کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زوردار تھا کہ رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ اطراف کی عمارتوں وہاں موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا اور کئی افراد جھلس گئے۔
دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر گہرا گڑھا بھی پڑگیا۔ دہشت گردی کے واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیاگیاہے۔
ڈی سی او زاہد سلیم گوندل کا کہنا ہے کہ یہ سلنڈر دھماکہ نہیں بلکہ خود کش دھماکہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ ایک موٹر سائیکل اور رکشے میں ٹکر کے بعد ہوا جس میں 7 ہلاکتوں کے علاوہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
ان کے مطابق جائے حادثہ پر ایک مشکوک لاش بھی موجود ہے جو کہ ممکنہ طور پر خود کش حملہ آور کی ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی عمریں بیس سال کے لگ بھگ معلوم ہوتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان کے وہاڑی چوک میں ہونے والا دھماکہ خود کش تھا، ایک خودکش حملہ آور بس سے اتر کر اس جگہ پہنچا اور خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔