ملتان(10 اپریل 2026): ضلعی انتظامیہ نے ملتان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے اوقات کار پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے اور مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نعمان صدیق کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ اور پیرا فورس کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تاجر برادری کو رات 8 بجے تک تمام دکانیں اور شاپنگ مالز ہر صورت بند کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ صرف بیکری، میڈیکل اسٹور، تندور اور ڈیری شاپس کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے، جبکہ پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی جزوی لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ رہیں گے۔
ڈی سی ملتان نے مزید ہدایات جاری کیں کہ تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کو رات 10 بجے تک مکمل طور پر بند کرایا جائے۔
انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو حکم دیا کہ مقررہ وقت کے بعد کاروبار کھلا رکھنے والوں کے خلاف فوری مقدمات درج کیے جائیں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں تاکہ لاک ڈاؤن کے ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


