جنید خان کی ہیٹ ٹرک، سنگاکارا کی ففٹی، قلندرز کی فتح شکست میں‌ تبدیل #LQvMS
The news is by your side.

Advertisement

جنید خان کی ہیٹ ٹرک، سنگاکارا کی ففٹی، قلندرز کی فتح شکست میں‌ تبدیل

دبئی: پاکستان سپرلیگ کے تیسرے میچ میں کمار سنگاکارا کی شاندار بیٹنگ اور جنید خان کی ہیٹ ٹرک کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا تیسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، قلندرز کی کپتانی کے فرائض میکولم اور سلطانز کی سربراہی شعیب ملک نے کی۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، سلطانز کو اوپننگ کا آغاز  مثبت ملا کیونکہ پہلی وکٹ 88 کے مجموعی اسکور پر گری، کمار سنگاکارا نے ایک بار پھر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ شعیب ملک نے بھی 48 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔

قلندرز کے باؤلر مستفیض الرحمان دو کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر نمایاں باؤلر رہے جبکہ یاسر شاہ نے بھی ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اسکور کارڈ

میکولم الیون نے 180 ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو انہیں اچھی اوپننگ پارٹنر شپ نہ مل سکی مگر بیٹسمینوں کے جارحانہ کھیل کے باعث ایک وقت میں میچ لاہور قلندرز کے ہاتھ میں تھا تاہم عمران طاہر نے سولہویں اوور میں یکے بعد دیگرے جمے ہوئے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور بعد میں جنید خان نے تین لگاتار تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ناممکن فتح کو سلطانز کے نام کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان 49 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ جنید خان اور عمران طاہر تین تین وکٹیں لے کر سلطانز کے نمایاں باؤلر رہے۔

لاہور قلندرز بیٹنگ خلاصہ

سترہویں اوور میں جنید خان نے یکے بعد دیگرے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پی ایس ایل سیزن 3 کی پہلی ہیٹ ٹرک مکمل کی، بعد ازاں عمران طاہر نے شاہین آفریدی کو بھی پویلین کی راہ دکھائی۔

سولہواں اوور لاہور کی ٹیم کے لیے اچھا ثابت نہ ہوا، لیگ اسپینر عمران طاہر نے سہیل اختر کو پہلی بال پر کلین بولڈ کیا جبکہ اگلی ہی بال پر عامر یامین بھی آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوئے۔

لاہور کی ٹیم نے گیارویں اوور کی پہلی بال پر مجموعی اسکور کی سنچری مکمل کی، جبکہ ایک اوور بعد ہی پولارڈ کی گیند کو باؤنڈری کے باہر پھینکنے کے چکر میں عمر اکمل 31 کے انفرادی جبکہ 105 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، 15 اوورز کے اختتام پر قلندرز کی ٹیم کا مجموعی اسکور 4 وکٹ کے نقصان پر 132 تک پہنچا۔

فخر زمان ایک رن کے فرق سے اپنی ففٹی مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ‌ ہوکر پویلین لوٹے

قلندرز کے اوپنز فخر زمان اور عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 91 تک پہنچایا جبکہ کپتان میکولم بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز فخر زمان اور سنیل نارائن نے کیا، میکولم کی ٹیم کو اچھا آغاز نہ مل سکا اور نارائن تیسرے اوور میں 32 کے مجموعی جبکہ 26 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

ملتان سلطانز بیٹنگ خلاصہ

ملتان سلطان کی ٹیم نے آخری پانچ اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز اسکور کیے، کمار سنگاکارا 44 گیندوں پر 63 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

کمار سنگاکارا کامیاب اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے

گیارہویں اوور کی پہلی بال پر اوپنر احمد شہزاد 33 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے یوں سلطانز کی ٹیم کو 88 کے مجموعی اسکور پر پہلے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، نئے آنے والے بیٹسمین صہیب مقصود زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہ سکے انہوں نے صرف 4 رنز بنائے اور پویلین لوٹ گئے، پندرہویں اوور کے اختتام پر سلطانز کی ٹیم نے دو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔

کمار سنگاکارا نے دوسرے میچ میں دوسری نصف سنچری اسکور کی، انہوں نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی دوسری ففٹی بنائی۔

سلطانز کی ٹیم نے محتاط اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور دسویں اوور کے اختتام پر بغیر کیس نقصان کے 88 رنز بنائے، سنگاکارا 39 اور احمد شہزاد 38 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پانچ اوور کے اختتام پر سلطانز کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان نے 46 رنز بنائے، کمار سنگاکارا 19 اور احمد شہزاد 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی پہلی نصف سنچری

سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد نے کیا جبکہ رضا حسن نے پہلا اوور کیا، پہلے اوور میں شعیب الیون نے بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنائے۔

اسکواڈ

اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم نے تینوں فارمیٹ (باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ) میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 19 رنز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ملتان سلطانز کی ٹیم نے پی ایس ایل کے پہلے میچ میں دفاعی چیمئن پشاور زلمی کو پہلے ہی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اچھا آغاز کیا تھا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں