اتوار, دسمبر 1, 2024
اشتہار

سلطانز کی پانچویں‌ کامیابی، زلمی کو بھی پچھاڑ دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی ایس ایل 7 کے 13ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو باآسانی 57 رنز سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیے جانے والے 223 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بناسکی۔

بین کٹنگ کی 52 رنز کی اننگز بھی زلمی کے کام نہ آسکی، حضرت اللہ زئی نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ حیدر علی 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامران اکمل 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

- Advertisement -

شعیب ملک 11 رنز بنا کر عمران طاہر کا نشانہ بنے، ردر فورڈ اور کپتان وہاب ریاض 2،2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عثمان قادر 12 رنز بناسکے۔

بین کٹنگ 28 رنز کی اننگز کھیلی، محمد عمر 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سلطانز کی جانب سے شاہنواز دہانی اور عمران طاہر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، عباس آفریدی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل محمد رضوان اور ٹیم ڈیوڈ کی شاندار اننگز کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے اور پشاور زلمی کو جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کپتان محمد رضوان نے 52 گیندوں پر 82 رنز کی دلکش اننگ کھیلی ان کی اننگ میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

رضوان کے ساتھ مل کر ٹم ڈیوڈ نے بھی زلمی کے بولرز کی جم کر دھلائی کی، ٹم ڈیوڈ 19 گیندوں پر 51 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اوپنر شان مسعود 35 رنز بنا کر شعیب ملک کا نشانہ بنے، صہیب مقصود کو 25 رنز پر عثمان قادر نے بولڈ کیا، خوشدل شاہ نے 7 گیندوں پر 21 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

زلمی کی جانب سے شعیب ملک، عثمان قادر اور فاسٹ بولر سلمان ارشاد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر محمد رضوان الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی حسین طلعت کی جگہ ثاقب محمود کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کرتے ہوئے جانسن چارلس، مزرابانی اور شاہنواز دھانی کو شامل کیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آخری پانچ میچز میں سلطانز کا پلڑا بھاری ہے، ملتان سلطانز نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ پشاور زلمی ایک میچ جیت سکی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 رنز سے شکست دی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں