لاہور(8 اپریل 2026): ملتان سلطانز کی مینجمنٹ نے اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان اور صہیب مقصود کو چھٹیاں گزارنے کے لیے اسکواڈ سے ریلیز کر دیا ہے۔
ترجمان ملتان سلطانز کے مطابق صاحبزادہ فرحان پشاور جبکہ صہیب مقصود ملتان روانہ ہو گئے ہیں۔ ہیڈ کوچ ٹم پین اور ٹیم کے مالک گوہر شاہ کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو فری ڈے پالیسی کے تحت ریلیز کیا گیا ہے۔
ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کے مطابق آرام کے دنوں میں کھلاڑیوں کو مکمل آزادی حاصل ہوتی ہے تاکہ وہ اپنا ذاتی وقت گزار سکیں اور ذہنی طور پر تازہ دم رہ سکیں۔
ترجمان ملتان سلطانز نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا مقصد کھلاڑیوں کو ہائی انٹینسٹی میچز کے دباؤ سے نکال کر بہتر کارکردگی کے لیے تیار کرنا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ متوازن آرام کھلاڑیوں کی کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
صاحبزادہ فرحان اور صہیب مقصود 13 اپریل کے میچ سے قبل دوبارہ اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔ انتظامیہ کے مطابق 13 اپریل کے میچ کے بعد دیگر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو بھی اسی پالیسی کے تحت چھٹیاں دی جائیں گی۔
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں


