پاکستان اور کویت کے درمیان اربوں ڈالر کے7معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی کویت کےنائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ شیخ طلال الخالد الاحمدالصباح سےملاقات ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
رہنماؤں نے تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر کے مضبوط کرنےکےعزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے7معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں جن میں غذائی تحفظ، زراعت، پن بجلی، پینے کے صاف پانی اور کان کنی کےشعبے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ثقافت، آرٹ، ماحولیات، مستحکم ترقی کےحوالےسے3 مفاہمت کی یادداشتوں پربھی دستخط ہوئے۔
قبل ازیں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اعلی کویتی قیادت سے ملاقات کیلئے البیان محل پہنچے جہاں کویت کے اول نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح نے ان کا استقبال کیا. وزیرِ اعظم کو کویتی امیری گارڈ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ملکوں کے ترانے پیش کئے گئے۔
نگران وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وزیرِ توانائی محمد علی، نگران وزیرِ تجارت گوہر اعجاز اور نگران وزیرِ قانون، موسمیاتی تبدیلی و آبی ذخائر احمد عرفان اسلم اور وزیرِ اعلی پنجاب محسن نقوی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں شریک تھے۔