شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ کا کہنا ہے کہ شادی نے وقت کی پابندی اور معاف کرنا سکھا دیا ہے۔
اداکار منیب بٹ نے حال ہی میں پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران انہوں نے شادی کے بعد کی زندگی پر اظہار خیال کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ والد بننے اور شادی کے بعد ان میں مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ باپ بننے کے بعد میں واقعی بہت بدل گیا ہوں، باپ بن گیا ہوں اور اب میرا خاندان ہے، بیوی اور تین بچے ہیں، ہمیشہ ان پر غور کرتا ہوں، ان کے بارے میں سوچتا ہوں، کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کو ترجیح دیتا ہوں۔
اداکار نے کہا کہ شادی کے بعد وقت کی پابندی سیکھ لی، اب ہمیشہ کام کے بعد گھر جانا بھی سیکھا، معاف کرنا اور ایک ساتھ آگے بڑھنا سیکھ لیا ہے۔
اس سے قبل انٹرویو میں منیب بٹ نے کہا تھا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی خوشی میری بیٹیاں ہیں، جب گھر جاتا ہوں جس طرح تینوں بیٹیاں ملتی ہیں اور خوش ہوتی ہیں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری سب سے بری عادت دیر سے سونا اور دیر سے اٹھنا ہے، کراچی کے اندر لوگ رات میں تین سے چار بجے سڑکوں پر ہوتے ہیں اور ریسٹورنٹ بھی رش ہوتا ہے، ڈیفنس میں بھی چائے کے کیفے پر لوگ دیر رات تک بیٹھتے ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کامیابی کا دوسرا نام مطمئن ہونا ہے، الحمدللہ جتنا کام کیا ہے اس سے مطمئن ہوں، اللہ کا شکر گزار ہوں کہ جتنا دیا ہے وہ بہت ہے اور یہی میرے لیے کامیابی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


