کراچی(6 اگست 2026): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے صوبوں کی تقسیم پر کسی کی لاشیں نہیں گرنے دیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بنانے کا طریقہ کار آئین میں واضح طور پر درج ہے اور اس کے لیے دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبوں کی تقسیم پر کسی کی لاشیں نہیں گرنے دیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کے بیان کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ احتجاج کا بھی ایک آئینی اور قانونی طریقہ کار ہوتا ہے، لہٰذا انتظامیہ سے اجازت لے کر بھرپور احتجاج کیا جائے۔
سندھ حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ سسٹم کو ناکام کہنے والے ایک بار تھر کا دورہ کر کے حالات خود دیکھ لیں، کیونکہ تھرپارکر حکومت کا کامیاب ترین منصوبہ ہے۔
گندم کی خریداری کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گندم خریدنے کے لیے حکومت کے پاس رقم موجود ہے اور حکومت نے 10 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی گنجائش رکھی تھی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح مقامی کسانوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔


