اسلام آباد : وفاقی وزیرمراد سعید براڈ شیٹ فیصلے کے تناظر میں این ایچ اے سے تفصیلات طلب کرلیں اور منصوبے کے ڈیزائن، پی سی ون ،بڈنگ ، ٹھیکے اور ادائیگیوں کی تفصیلات دینے کی ہدایت کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق براڈ شیٹ کیس میں وفاقی وزیر مراد سعید نے این ایچ اے سے رپورٹ طلب کر لی ، براڈ شیٹ فیصلے میں نوازشریف کے سڑکوں کے منصوبوں میں کرپشن اور کمیشن کا ذکر ہوا تھا جبکہ اسلام آباد لاہور موٹروے میں 160ملین ڈالر کی کرپشن کا بھی ذکر ہے کہ نواز شریف اورحواریوں نے ٹھیکے داروں کو غلط ادائیگیوں سے160 ملین ڈالربنائے۔
براڈ شیٹ فیصلے کے تناظر میں وفاقی وزیرمرادسعید نےاین ایچ اے سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے منصوبے کے ڈیزائن، پی سی ون ، بڈنگ اور ٹھیکےاور ادائیگیوں کی تفصیلات دینےکی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈکی جانچ پڑتال کے بعد کیس ایف آئی اے کوبھی بھیجاجاسکتا ہے، اس سے قبل بھی 17 سڑکوں کےمنصوبوں کے کیس نیب کودیے گئے تھے۔
ذرائع وزرات مواصلات کے مطابق عالمی سطح پر منصوبوں میں نوازشریف کی کرپشن اور کمیشن کا ذکر ادارے کی شرمندگی کاباعث ہے، تفصیلی رپورٹ کے بعد عوام کے پیسے کی وصولی اورسزاؤں پرعمل کا بھی آغاز ہوگا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ رپورٹ مرتب کر کے وزیر اعظم عمران خان سے بھی شئیر کی جائے گی۔