لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں لاپتہ خاتون 8 سال بعد منظر عام پر آگئیں۔ خاتون کے بارے میں گمان تھا کہ انہیں قتل کیا جا چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 8 سال قبل لاپتہ ہونے والی 30 سالہ عاصہ بی بی منظر عام پر آگئیں۔ 8 سال قبل ان کے لاپتہ ہونے کے بعد ان کی والدہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی بیٹی کو اس کے شوہر نے قتل کیا ہے۔
عاصمہ بی بی کی والدہ کی شکایت پر پولیس نے مقتولہ کے شوہر ابرار کو گرفتار کرلیا تھا تاہم بعد ازاں ابرار نے عاصمہ بی بی کے اہل خانہ کو معاوضے کے طور پر کچھ رقم ادا کردی تھی جس کے بعد کیس واپس لے لیا گیا تھا۔
تاہم اب 8 سال بعد مذکورہ خاتون نئے نام نیلم کے ساتھ منظر عام پر آگئیں۔ خاتون شادی شدہ ہیں جبکہ ان کے 6 بچے بھی ہیں۔
خاتون کے منظر عام پر آنے کے بعد ان کے پہلے شوہر ابرار کے ایک رشتہ دار نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس پر خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے سنہ 2009 میں ابرار سے پہلی شادی کی تھی تاہم اس دوران ان کے نذیر احمد (موجودہ شوہر) سے تعلقات رہے۔ بعد ازاں وہ اپنے شوہر کو چھوڑ کر نذیر احمد کے ساتھ دبئی چلی گئیں جہاں ان دونوں نے شادی کرلی اور دونوں 8 سال تک وہیں رہائش پذیر رہے۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون پر پہلے شوہر سے علیحدگی لیے بغیر دوسری شادی کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ وہ نذیر احمد سے شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن ان کے گھر والوں نے زبردستی ان کی شادی ابرار سے کروا دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اپنے فعل پر کوئی شرمندگی یا پچھتاوا نہیں ہے۔
خاتون اور ان کے شوہر کو فی الحال 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔