کراچی : ماڈل ٹرائل کورٹ نے کورنگی میں چھ سالہ ماہم زیادتی اور قتل کیس کے ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کے لئے 2 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی ماڈل ٹرائل کورٹ شرقی میں کورنگی میں 6 سالہ بچی ماہم سے مبینہ زیادتی اور قتل کیس کی سماعت ہوئی ، سماعت میں استغاثہ نےملزم کے وکیل کو مقدمے کی نقول فراہم کردیں۔
جس کے بعد عدالت نے ملزم ذاکر عرف انڈولہ کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے تاریخ مقرر کردی اور کہا 2 نومبر کو ماہم زیادتی اور قتل کیس میں ملزم پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ 28 جولائی کو زمان ٹاون تھانے کی حدود میں پیش آیا تھا، گرفتار ملزم ذاکر عرف انڈولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم بھی کیا تھا۔
یاد رہے جولائی میں کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔
ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی تھی۔