کراچی: مقامی عدالت نے اینکر پرسن مرید عباس قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی مجرم عاطف زمان کو دو بار سزائے موت کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت نے اینکر پرسن مرید عباس اور ان کے ساتھی خضر حیات کے قتل کیس کا فیصلہ 7 سال بعد سنا دیا۔
جوڈیشل کمپلیکس سنٹرل جیل میں قائم انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مرکزی مجرم عاطف زمان کو دو بار سزائے موت کا حکم سنایا۔
عدالت نے مجرم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جو مقتول کے ورثا کو ادا کیا جائے گا۔
عدالت نے مقدمے کے دوسرے نامزد شریک ملزم اور عاطف زمان کے بھائی عادل زمان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔
مفرور ملزم عادل زمان سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپنی درخواستِ ضمانت مسترد ہونے کے بعد روپوش ہو گیا تھا، جسے ٹرائل کورٹ پہلے ہی باقاعدہ اشتہاری قرار دے چکی ہے۔
کیس کا پس منظر
خیال رہے یہ ہائی پروفائل واقعہ 9 جولائی 2019 کو پیش آیا تھا، جب کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کاروباری لین دین کے تنازع پر ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات کو ملزم عاطف زمان اور اس کے بھائی عادل زمان نے فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کر دیا تھا۔
واقعے کے فوری بعد ملزمان کے خلاف تھانہ درخشاں میں مقتولین کے لواحقین کی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
مقدمے میں مقتولین اور مدعی مقدمہ کی جانب سے ملک کے معروف قانون دان اور سماجی رہنما جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کیس کی پیروی کی اور عدالت کے سامنے تمام ٹھوس شواہد اور گواہان کے بیانات پیش کیے۔
عدالت نے طویل ٹرائل، گواہان کے بیانات اور ٹھوس شواہد کی روشنی میں عاطف زمان کو عبرت ناک سزا سناتے ہوئے مقتولین کے ورثا کو جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔


