مری : مری ایکسپریس وے حادثے کے مرکزی ملزم مفرور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم خود بھی حادثے میں زخمی ہوا تھا۔
تفصیلات کے مطابق مری ایکسپریس وے پر مسافر ہائی ایس وین کو پیش آنے والے ہولناک حادثے کے مرکزی ملزم اور مفرور ڈرائیور ممتاز احمد کو موٹروے پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم تھانہ مری میں درج مقدمہ نمبر 330/26 کے تحت پولیس کو مطلوب تھا اور حادثے کے بعد سے روپوش تھا۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں ملزم کی موجودگی سے متعلق ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم ممتاز احمد کو دھر لیا گیا۔
تفتیش کے دوران پتا چلا ہے کہ ملزم خود بھی اس حادثے میں زخمی ہوا تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے خاموشی سے پمز اسپتال اسلام آباد پہنچا، جہاں سے ابتدائی مرہم پٹی کروانے کے بعد وہ فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
موٹروے پولیس کے ڈی ایس پی ملزم ممتاز احمد کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے تھانہ مری پولیس کے حوالے کریں گے۔
واضح رہے کہ مری ایکسپریس وے پر تیز رفتاری کے باعث ایک مسافر ہائی ایس وین بے قابو ہو کر حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کا گولا بن گئی تھی۔
اس انتہائی افسوسناک اور دلخراش حادثے کے نتیجے میں 10 مسافر جھلس کر جاں بحق جبکہ 16 افراد شدید زخمی ہو گئے تھے۔
پولیس نے تیز رفتاری اور غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا تھا جس کے بعد اب یہ اہم گرفتاری عمل میں آئی ہے۔


