کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے جو الزام لگایا اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، مریم نواز کا بیانیہ ان کی جماعت اور منشور کے مطابق ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کا عوام دشمن پالیسی پر واضح بیان ہے۔ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کراچی کے لیے 162 ارب کا پیکج دوں گا، وعدہ کیے ہوئے بھی ساڑھے 3 ماہ گزر گئے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بجٹ پر نظر ڈالیں تو سندھ کے لیے 160 ارب کہیں نظر نہیں آتے، رول آف لا تب ہی ہوگا جب آزاد عدلیہ ہو۔ ن لیگ نے جو الزام لگایا اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا بیانیہ ان کی جماعت اور منشور کے مطابق ہے، دھمکیوں کے باوجود ہم آج اپنے بیانیے پر قائم ہیں، سیکیورٹی خدشات کے باوجود ہم نے پنجاب اور پختونخواہ کے دورے کیے۔
اس سے قبل مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں خان صاحب بڑی باتیں کرتے تھے، ماضی میں ماہانہ 1 لاکھ روپے کمانے والے پر ٹیکس لگتا تھا، اب ماہانہ 50 ہزار کمانے والے پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ خان صاحب کی دھمکی سے اپوزیشن پیچھے نہیں ہٹی، خان صاحب نے بار بار کہا کہ این آر او کسی کو نہیں دوں گا۔ ہمیں کوئی این آر او نہیں چاہیئے۔