کراچی : مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ریسکیوآپریشن مکمل ہوتے ہی بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، مخالفین کو موقع دینا نہیں چاہتے کہ ہارنے کے بعد کہیں ہمارا ووٹر خوفزدہ تھا۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں اعلیٰ سطح اجلاس آج ہوگا۔
سندھ حکومت کے مؤقف سے متعلق مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ الیکشن کے دوسرے مرحلے سے بھاگ نہیں رہے، صوبائی کابینہ کے پاس بلدیاتی الیکشن کی تاریخ میں ردوبدل کا اختیار ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن 3 ماہ ملتوی کافیصلہ کیا، ریسکیوآپریشن مکمل ہوتے ہی الیکشن کرائیں گے۔
مشیر قانون سندھ نے کہا کہ امداد کے تحفظ کے لئے پولیس فورس سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہے، گھوٹکی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت اور امن صورتحال سب کے سامنے ہے، ایسی صورتحال میں دیگراضلاع سے پولیس فورس کراچی نہیں لا سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے کل ہاریں گے تو کہیں گے الیکشن پرامن نہیں ہوئے، مخالفین کو موقع دینا نہیں چاہتے کہ ہارنے کے بعد کہیں ہمارا ووٹر خوفزدہ تھا۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن رکوانے کے لئے جون میں عدالت سےرجوع کیا، تحریک انصاف اورجماعت نہ تین میں ہیں نہ تیرا میں۔