لاہور : وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کے خلاف بین الاقوامی سازش ہوئی، فیصلے کے بعد عوام کے لہجے میں تلخی آنا فطری عمل ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مشاہد اللہ خان نے کہا کہ معلوم نہیں میاں نواز شریف کو کس جرم میں سزا ملی، میاں صاحب سےایسا نہیں ہوا جس پر خوشی کا اظہار کیا جائے، نواز شریف نے وہ کام کیے جن کا پہلے سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج پورے بلوچستان میں پاکستان کا ترانہ پڑھا جاتا ہے، نوازشریف نے بلوچستان کے عوام کا اعتماد بحال کیا، دنیا مانتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی وجہ سے پاکستان نے ترقی کی، سپریم کورٹ کے فیصلے میں نواز شریف کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کے باعث عوام کے لہجے میں تلخی آنا فطری عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ریلی میں جس طرح عوام نے شرکت کی اس کی نظیر نہیں ملتی، نواز شریف نے اپنی تقاریر میں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ پرحملے کرنے والوں کو ہی پیغام دیا، سب سے بڑا ادارہ پارلیمنٹ اور جمہوریت ہے، پارلیمنٹ کی عزت ہو گی تو تمام اداروں کی عزت ہو گی۔