لاہور: مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر کا تعلق زبردستی کالعدم جماعتوں سے جوڑا جارہا ہے، قوم جانتی ہے کن جماعتوں کے پاس عسکری ونگز موجود تھے، پنجاب میں پہلی بار رینجرز کو اختیار دینے کا تاثر غلط دیا جارہاہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی سینیٹر نے کہا کہ دہشت گرداور اُن کے سہولت کار ملک بھر میں جہاں بھی ہوں گے اُن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ایک وزیر کا تعلق کالعدم جماعت سے جوڑا جارہا ہے اور رینجرز اختیارات کو دیا جانے والا تاثر غلط ہے، فوج اور رینجرز نے پہلے بھی ضرورت کے مطابق کارروائیاں کی ہیں۔
لیگی رہنما نے کہ کہ پنجاب اور کراچی کی صورتحال مختلف ہے اور قوم جانتی ہے کہ کن جماعتوں کے پاس عسکری ونگز تھے تاہم موجودہ حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر کے کراچی کے شہریوں کو چین سے جینے کا دوبارہ سے حق دیا۔
سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ مشرف دور میں گراؤنڈ برباد ہوگئے تھے تاہم نوازشریف کے دور میں دوبارہ سے آباد ہورہے ہیں، اگر ملک کے لیے کام کیا جائے تو وہ سب کو دکھائی دیتا ہے اور سب اُس کو سراہتے بھی ہیں۔
قومی ایئرلائن کے معاشی حالات پر اُن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ملازمین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث ادارے کو خسارہ نہیں ہوا، بدانتظامی اور کرپشن کے باعث پی آئی اے تباہ ہوا تاہم اس برائی کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔