دبئی : سابق صدر پرویزمشرف کا کہنا ہے کہ بے نظیراور مرتضی بھٹو کے قتل کے پس پشت زرداری ہیں، بے نظیر کے قتل سےمجھےنہیں آصف زرداری کوفائدہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدرپرویزمشرف نے آصف زرداری پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ بھٹوخاندان کی بربادی کےذمہ دارآصف زرداری ہیں، بےنظیراورمرتضی بھٹوکےقتل کے پس پشت زرداری ہیں، بینظیر کے قتل سے مجھے نہیں صرف آصف زرداری کوفائدہ ہوا، بیت اللہ محسود میری جان کا دشمن تھا۔
پرویزمشرف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے حامدکرزئی اور افغان ایجنسی سےتعلقات تھے، بیت اللہ محسود سے بینظیربھٹو کا قتل کرانے کی سازش کی گئی۔
سابق صدر نے کہا کہ یہ خطاب بلاول، آصفہ اور بختاور بھٹو کیلئے ہے، مجھ پر الزام لگاتے ہیں، میرا تو قتل سے دور دور تک تعلق نہیں، بی بی نے 2گھنٹے جلسہ کیا اور صحیح سلامت گاڑی میں آکر بیٹھیں، گاڑی سے باہرنکلنے کیلئے کون فون کررہا تھا، کون عقل مند بلٹ پروف گاڑی کی چھت کھلواتا ہے، تحقیقات ہونی چاہیے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی دینا میری ذمہ داری نہیں تھی، سیکیورٹی پرآصف زرادری کے جیل کا ساتھی خالد شہنشاہ تھا، بے نظیرکے قتل کے بعد خالد شہنشاہ کو بھی قتل کرادیا گیا۔
مزید پڑھیں : بے نظیر بھٹو قتل کیس: پرویز مشرف اشتہاری قرار، تمام جائیداد ضبط کرنے کا حکم
یاد رہے گذشتہ ماہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق سربراہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیا اور ان کی تمام منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔
کیس کے دیگر 5 ملزمان رفاقت حسنین، حسنین گل، اعتزاز شاہ، شیر زمان اور رشید ترابی کو بری کرنے کا حکم دیا جبکہ 2 پولیس افسران سعود عزیز اور خرم شہزاد کو 2 مختلف مقدمات میں 17، 17 سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔