اسلام آباد : مشرف زیدی کو وزیراعظم کے ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مقرر کردیا گیا ، یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے معروف صحافی مشرف علی زیدی کو غیر ملکی میڈیا کے لیے ترجمان مقرر کر دیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات اور کابینہ ڈویژن کو اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
مشرف علی زیدی نے ایل یو ایم ایس (LUMS) سے گریجویشن اور سٹی یونیورسٹی آف نیویارک کے باروخ کالج سے پبلک ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا، وہ 2011 سے 2013 تک وزارتِ خارجہ کے پالیسی ایڈوائزر بھی رہ چکے ہیں۔
2013 سے 2018 کے دوران انہوں نے الیف اعلان کے نام سے ایک مہم کی قیادت کی، جس کا مقصد پاکستان میں تعلیمی بحران کے حل کے لیے پالیسی سطح پر اصلاحات کو فروغ دینا تھا۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مشرف علی زیدی ہماری ٹیم میں بہترین اضافہ ہیں ، ان کی تعیناتی سےپاکستان کابیانیہ مزیدبلندیوں تک پہنچےگا، گزشتہ چندماہ کےدوران ان کے ساتھ کام کرنا شاندار تجربہ رہا۔


