اسلام آباد: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ ن کے 2 اہم رہنماوں کے جیل جانے کی پیشن گوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز منگل پیپلزپارٹی کے رہنماء یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 2 انتہائی اہم رہنماء بہت جلد گرفتار ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے میثاقِ جمہوریت کے تحت جاری مفاہمتی عمل کا خاتمہ کرکے جمہوریت کے لئے مشکلات پیدا کی ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کے رشتے دار اوردوست بھی آج ارب پتی ہوچکے ہیں ان کے بارے میں بھی تفتیش ہونی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جلد ہوگا اور اس میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جو بھی ہدایات دیں گے ان پر عمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف نے 1990 کی دہائی والی انتقامی سیاست شروع کردی ہے۔
آصف علی زرداری کے اس بیان کے جواب میں وفاقی وزیرِاطلاعات پرویزرشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آصف علی زرداری کے بیان کو جلدبازی میں دیا گیا بیان قرار دیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن انتقامی سیاست کو دفن کرچکی ہے۔